پختونخوا میں گورنر راج کے بعد انتظامیہ متحرک؛ غیر قانونی سرگرمیوں کے گرد گھیرا تنگ

پختونخوا میں گورنر راج کے بعد انتظامیہ متحرک؛ غیر قانونی سرگرمیوں کے گرد گھیرا تنگ

پشاور: خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد انتظامیہ متحرک ہوگئی، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا۔

 پشاور کے علاقے ڈبگری میں ضلعی انتظامیہ نے زائد المیعاد ادویات کی دوبارہ پیکنگ اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی گودام سیل کردیا، جبکہ متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے علاقے ڈبگری میں کارروائی کی، جہاں زائد المیعاد ادویات کو دوبارہ پیک کرکے مارکیٹ میں فروخت کرنے کا غیر قانونی کاروبار جاری تھا۔ کارروائی کے دوران انتظامی حکام نے گودام کی تلاشی لی اور وہاں موجود ادویات کے نمونے حاصل کرکے قبضے میں لے لیے۔حکومتی ذرائع کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں زائد المیعاد ادویات کی دوبارہ پیکنگ اور فروخت کا دھندہ بند کرا دیا گیا، جبکہ متعلقہ گودام کو سیل کردیا گیا ہے۔ غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زائد المیعاد ادویات کو دوبارہ پیک کرکے فروخت کرنا شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے، کیونکہ ایسی ادویات کے استعمال سے مریضوں کو طبی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انتظامیہ نے ادویات کے نمونے مزید جانچ پڑتال کے لیے حاصل کیے ہیں تاکہ ان کے معیار اور قانونی حیثیت کا تعین کیا جاسکے۔یہ کارروائی صوبائی حکومت کے اقدامات کے تحت شروع کیے گئے پروگرام ''بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبرپختونخوا'' کے سلسلے میں کی گئی ہے، جس کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔