صوابی: خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد ضلع صوابی میں پولیس نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 169 کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شیوہ اڈہ، یارحسین، رزڑ، صوابی خاص، ٹوپی، لاہور اور گدون سمیت متعدد علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں پی ٹی آئی کے متعدد مقامی عہدیداران اور سرگرم کارکن بھی شامل ہیں، جنہیں مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتاریاں لانگ مارچ کی تیاریوں اور امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر کی گئی ہیں۔دوسری جانب ضلع بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ حکام کی جانب سے مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔