لاہور: قرطبہ چوک کے قریب مزنگ پلازہ میں اچانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد ریسکیو فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
واقعے کے باعث علاقے میں شہریوں کی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، جبکہ امدادی سرگرمیوں کو بلاتعطل جاری رکھنے کے لیے ٹریفک انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق قرطبہ چوک کے قریب واقع مزنگ پلازہ میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔ ریسکیو اہلکار آگ پر قابو پانے اور صورتحال کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔واقعے کے بعد چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے ایمرجنسی گاڑیوں کی بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔ سی ٹی او لاہور نے موقع پر موجود غیر ضروری شہریوں اور گاڑیوں کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے ٹریفک اہلکاروں کو امدادی سرگرمیوں کے لیے راستے کلیئر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر نے واضح کیا ہے کہ فائر بریگیڈ، ریسکیو اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کی نقل و حرکت میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ٹریفک عملہ موقع پر موجود رہ کر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی گاڑیوں کو راستہ فراہم کرنے کے انتظامات کر رہا ہے۔حکام کے مطابق آگ بجھانے اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ٹیموں کو مکمل سہولت فراہم کرنے کے لیے جائے وقوعہ کے اطراف ٹریفک کو منظم کیا جا رہا ہے تاکہ امدادی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔