لاہور: شاہ عالم مارکیٹ کی فاطمہ مارکیٹ میں واقع راجہ جیولرز کے پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فاطمہ مارکیٹ میں واقع راجہ جیولرز کی دکان کے پلازہ میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر ریسکیو 1122 کی فائر فائٹرز ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ پلازہ کی چوتھی منزل پر لگی، جہاں موجود سامان نے آگ پکڑ لی۔ فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کردی۔آتشزدگی کے باعث پلازہ اور اطراف میں دھوئیں کے بادل چھا گئے، جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران مارکیٹ میں موجود افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کی گئی۔
ریسکیو فائر فائٹرز کی جانب سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے اور اسے مکمل طور پر بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال آگ لگنے کی وجوہات اور اس کے نتیجے میں ہونے والے مالی یا جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات بھی سامنے آنے کی توقع ہے۔