کراچی کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات، ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

کراچی کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات، ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

کراچی کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات پیش آئے، تاہم ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور کسی جانی نقصان سے بچاؤ ممکن بنایا۔

تفصیلات کے مطابق گلشنِ اقبال کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ کے قریب گلزار ہجری میں واقع ایک ریسٹورنٹ کے بیسمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی فوری طور پر موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر جلد قابو پا لیا گیا اور کولنگ کا عمل مکمل کیا گیا، جبکہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب سول اسپتال کراچی کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ حکام کے مطابق المیزان پرائیڈ نامی عمارت کے گراؤنڈ فلور میں آگ لگی تھی، جہاں لکڑی کی دکانیں موجود تھیں جبکہ پہلی منزل پر ٹمبر مارکیٹ کے دفاتر قائم ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ آگ لگنے کی حتمی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔