لاہور میں انسداد سموگ مہم تیز، گاڑیوں کے معائنے کے لیے 28 مراکز قائم، ڈی سی لاہور

لاہور میں انسداد سموگ مہم تیز، گاڑیوں کے معائنے کے لیے 28 مراکز قائم، ڈی سی لاہور

لاہور میں سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی آگاہی مہم جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے اور انہیں سموگ کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔

آگاہی مہم میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) رانا محسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات (ای پی اے) علی اعجاز نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہریوں کو بتایا گیا کہ فضائی آلودگی میں اضافے کی بڑی وجوہات میں گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں بھی شامل ہے، لہٰذا گاڑیوں کی بروقت جانچ اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد انتہائی ضروری ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے مطابق گاڑیوں کے معائنے اور ان سے خارج ہونے والے دھوئیں کی جانچ کے لیے شہر میں اب تک 28 مراکز قائم کیے جا چکے ہیں، جبکہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مزید مراکز بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کا معائنہ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے گاڑی مالکان سے اپیل کی کہ وہ بلاتاخیر اپنی گاڑیاں قریبی پی وی آئی سی ایس (PVICS) سینٹر لے کر جائیں، جہاں گاڑیوں کا کمپیوٹرائزڈ معائنہ کروانے کے بعد ٹیسٹ سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ سے دھوئیں کے اخراج کو کنٹرول کرنے اور فضائی آلودگی میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ صرف حکومتی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لیے شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔ تمام شہری انسداد سموگ کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔