کرپشن رسک اسیسمنٹ رپورٹ کسی کیخلاف فردِ جرم نہیں:اعظم نذیر تارڑ

پی ڈبلیو ڈی، پاسکو اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو بدعنوانی کی شکایات پر بند کیا گیا:عطاء تارڑ
 ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا بنیادی مقصد ٹیکس نظام کو شفاف اور مؤثر بنانا ہے:بلاول اظہر
اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا ہے  کرپشن رسک اسیسمنٹ رپورٹ کسی فرد یا ادارے کے خلاف فردِ جرم نہیں بلکہ حکومتی خود احتسابی کی ایک اہم کوشش ہے، جس کا بنیادی مقصد سرکاری اداروں میں شفافیت، میرٹ اور احتساب کے نظام کو مضبوط بنانا اور بدعنوانی کے امکانات ختم کرنے کے لیے مؤثر اصلاحات متعارف کرانا ہے۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی  کے ساتھ  مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  کہا   رپورٹ میں صرف اداروں کی کمزوریوں کی نشاندہی نہیں کی گئی بلکہ ان خامیوں کو دور کرنے اور ادارہ جاتی نظام بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی اس حوالے سے کہا  پی ڈبلیو ڈی، پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن جیسے اداروں کے بارے میں بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آتی رہی تھیں، جس کے باعث حکومت نے ان کی بندش اور اصلاحات کے اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی سطح پر خود احتسابی اور شفافیت کو بنیادی اہمیت دی ہے اور کرپشن رسک اسیسمنٹ رپورٹ اسی عزم کی عکاس ہے۔
 وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا  وزیراعظم شہباز شریف میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتے ہیں اور حکومت نے ٹیکس وصولی میں اضافے کے ساتھ نظام کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چینی، سیمنٹ، تمباکو اور مشروبات کے شعبوں سے ٹیکس محاصل میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا بنیادی مقصد ٹیکس نظام کو شفاف اور مؤثر بنانا ہے