پرویز الٰہی کرپشن کیس میں فردِ جرم عائد

 احتساب عدالت میں پیش ،ملزموں کا صحت جرم سے انکار ،نیب کے گواہ 29جنوری کو طلب 
لاہور (کرائم  رپورٹر )لاہور میں عدالت نے کرپشن کیس کی سماعت کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی و دیگر پر فرد جرم عائد کر دی۔احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے نیب ریفرنس پر سماعت کی،پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزم اپنے وکیل عامر سعید راں کے ہمراہ ا عدالت میں پیش ہوئے۔ جج نے پرویز الٰہی سمیت تمام ملزموں پر دوران سماعت فرد جرم عائد کی، پرویز الٰہی اور دیگر ملزموں نے صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے نیب کے گواہوں کو 29 جنوری کو طلب کرلیا۔نیب کی جانب سے پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزموں کے خلاف گجرات میں ترقیاتی سکیموں میں کرپشن کا ریفرنس عدالت میں دائر کر رکھا ہے۔احتساب عدالت نے نیب کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 29 جنوری تک ملتوی کر دی۔