نیویارک(آئی این پی )اقوام متحدہ میں چینی مندوب سن لی نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے قرارداد 1267 اور 2713 کے تحت پابندیوں کے نظام کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے اور کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے )ا ور اس کے ذیلی ونگ مجید بریگیڈ کو جلد پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جائے۔اقوام متحدہ میں چین کے قائم مقام مستقل مندوب سن لی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں حالیہ خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔سن لی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرے، عالمی دہشتگردی کا خطرہ بدستور پیچیدہ اور سنگین ہے، دہشتگرد تنظیمیں اپنی کارروائیوں کی صلاحیت بڑھا رہی ہیں اور علاقائی تنازعات سے فائدہ اٹھا کر اپنا اثر و رسوخ پھیلا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف موثر عالمی حکمت عملی کے لئے دوٹوک موقف، عدم برداشت اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے، افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہ نہ صرف اس ملک بلکہ اس کے پڑوسی ممالک کی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔