بھارت کالعدم بی ایل اے، ٹی ٹی پی مجید بریگیڈ کی پشت پناہی کررہا ہے آصف خان

بھارت  دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت نہیں سب سے بڑی گمراہ ریاست ، ہر سال جھوٹ پر مبنی پرانا سکرپٹ لے کر آتا ہے
بھارت خود سلامتی کونسل میں مسئلہ لے کر آیا اب وعدوں سے فرار چاہتا ہے، مودی کاغیر ذمہ دار رویہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے
نیویارک(آئی این پی )  اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارتکار آصف خان نے مودی سرکار کا گھنائونا چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کالعدم بی ایل اے، ٹی ٹی پی مجید بریگیڈ جیسے گروہوں کی پشت پناہی کررہا ہے، بھارت ہر سال جھوٹ پر مبنی پرانا سکرپٹ لے کر آتا ہے۔اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے آصف خان نے کہاکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے ہے، بھارت خود سلامتی کونسل میں مسئلہ لے کر آیا اب وعدوں سے فرار چاہتا ہے۔پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ اور پر امن جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا، بھارت کا غیر ذمہ دار رویہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، بھارت خود کو مظلوم ظاہر کر کے اپنی اصل ریاستی دہشتگردی چھپا رہا ہے