اسحاق ڈار کی جرمن وزیرِ خارجہ سے ملاقات، تعلقات میں بہتری پر دونوں جانب سے اطمینان کا اظہار

اسحاق ڈار کی جرمن وزیرِ خارجہ سے ملاقات، تعلقات میں بہتری پر دونوں جانب سے اطمینان کا اظہار

نائب وزیرِ اعظم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جرمنی کے وزیرِ خارجہ یوہان واڈے فُل کے ساتھ برسلز میں ملاقات ہوئی۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جرمنی کے تعلقات میں مثبت ترقی کا ذکر کیا اور اس میں مزید بہتری کے امکانات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے دفاع، سیاسی، معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری اور تعلیمی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ مفادات کے امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے جرمنی کی طرف سے پاکستان کے لیے 114 ملین یورو کی معاونت کی تعریف کی، جس کا مقصد ماحولیات، توانائی کی منتقلی، پائیدار معاشی ترقی، ووکیشنل ٹریننگ اور سماجی تحفظ جیسے شعبوں میں مدد فراہم کرنا ہے۔اسحاق ڈار نے اس موقع پر جرمن قیادت کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں اور ملاقات کے ذریعے باہمی تعاون کو فروغ ملے۔