نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور دوحہ میں ہونے والے حالیہ مذاکراتی عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے مذاکرات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بات چیت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور یہ عمل خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔گفتگو کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے مذاکرات کے فروغ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔