توصیف اور احمد خان موٹر سائیکل پر جا رہے تھے ،شعبان ،رمضان اور عمیر عارف نے جھنگ روڈ پر حملہ کر دیا
غیرت کے نام پر باپ نے فائرنگ کر کے بیٹی کوقتل کر دیا ،ام البنین گاؤں کے بابر کیساتھ چلی گئی تھی
گوجرہ (خصوصی رپورٹ )چک نمبر 303 ج ب کٹھور کے توصیف اور احمد خان عرف علی حسن موٹر سائیکل پر سوار تاریخ پیشی کے لیے گوجرہ کچہری جا رہے تھے کہ ان کے مخالفین گاؤں کے محمد شعبان، محمد رمضان عرف جانی اور عمیر عارف موٹر سائیکلوں پر سوار آئے اور جھنگ روڈ پر ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے کے طور پر 50 سالہ توصیف موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 30 سالہ احمد خان عرف علی حسن ہسپتال میں جان کی بازی ہار گیا۔ زخمی گلزار احمد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مخدوش حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔ ملزم موقع سے فرار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل مقتول توصیف کے بھتیجے عبدالرحمن نے رفیع کے بیٹے سعد کو قتل کیا تھا۔ تھانہ سٹی پولیس نے مقتولین کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہیں۔ ملزمان محمد شعبان، محمد رمضان عرف جانی، عمیر عارف، محمد رفیع اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، تاہم تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔تھانہ صدر گوجرہ کے علاقہ میں غیرت کے نام پر باپ نے فائرنگ کر کے بیٹی کوقتل کر دیا۔ملزم موقع سے فرارہو گیا۔چک نمبر 418 ج ب کے رہائشی محمد ماجد اقبال کی 23سالہ بیٹی ام البنین چند روز قبل گاؤں کے بابر کے ساتھ بھاگ گئی تھی جس کے اغوا کا تھانہ صدر گوجرہ میں درج ہواتھاجس کو برآمد کر کے عدالت میں پیش کیاگیا اور والدین کے حوالے کر دیاگیا گزشتہ روز محمد ماجد اقبال نے فائرنگ کر کے اپنی بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔