پی ٹی آئی حکومت کے سامنے آئے یا نہ آئے ، جے یو آئی ضرور آئے گی،فضل الرحمن کا اعلان

شہباز شریف  خطرے کی گھنٹی بجادی فضل الرحمن
پی پی اور ن لیگ کب تک اکٹھی ہیں کچھ پتہ نہیں، ریفرنڈم کیلئے جماعت اسلامی نے رابطہ نہیں کیا،بلدیاتی انتخابات کروانا پڑینگے :سربراہ جمعیت علماء اسلام ،کجھ شہر دے لوگ وی ظالم سن کجھ سانوں مرن دا شوق وی سی :وزیراعلیٰ کے پی کو پروٹوکول نہ ملنے پر سوال کا شعر سے جواب 
سرگودھا (خصوصی رپورٹ)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ،انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں پی ٹی آئی حکومت کے سامنے آئے یا نہ آئے، جمعیت علماء اسلام ضرور سامنے آئے گی۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو پنجاب میں پروٹوکول نہ ملنے پر صحافی کے سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمٰن نے پنجابی میں کہاکجھ شہر دے لوگ وی ظالم سن، کجھ سانوں مرن دا شوق وی سی۔ وہ سرگودھا کے قصبہ ہجن میں جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر رائو عبدالقیوم کے بھائی مولانا جاوید نعمانی کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا بلدیاتی انتخابات آئین کا تقاضا ہیں اور حکومت کو ہر صورت یہ انتخابات کروانا پڑیں گے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے اتحاد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا یہ اتحاد کب تک قائم رہ سکتا ہے، کچھ کہا نہیں جا سکتا، یہ بس گرتے پڑتے ایک ساتھ چل رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا عوامی ریفرنڈم کے حوالے سے جماعت اسلامی نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی انہیں اس کے پس منظر یا فلسفے کا علم ہے۔