گو جرہ :کار درخت سے ٹکرا گئی،2نوجوان جاں بحق، 2زخمی

گوجرہ (خصوصی رپورٹ)گوجرہ میں تیز رفتار کار موٹر سائیکل سے ٹکرا کر درخت سے جا لگی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔محلہ مہندی کے رہائشی ڈاکٹر حماد کا 20 سالہ بیٹا عبداللہ حماد اپنی کار پر اپنے دوستوں 19 سالہ حمزہ برہان اور 18 سالہ منیب کے ہمراہ شہر سے موٹروے انٹرچینج کی جانب جا رہا تھا۔ذرائع کے مطابق جھنگ روڈ پر چک نمبر 303 ج ب کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے بعد ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور کار سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی۔حادثے کے نتیجے میں کار سوار عبداللہ حماد، حمزہ برہان، منیب اور موٹر سائیکل سوار شبیر شدید زخمی ہو گئے۔ شدید زخمی عبداللہ حماد اور حمزہ برہان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ریسکیو 1122 اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔اطلاع ملنے پر صدر پولیس گوجرہ نے نعشیں تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ انتہائی خوفناک تھا اور اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جبکہ کار بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔