چیچہ وطنی:مبینہ مقابلہ، ساتھیوں کی فائرنگ سے 4ڈاکو ہلاک

3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 افراد نے رکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ کر دی
 صدی احمد اور 3نامعلوم ملزموں نے دم توڑا، تھانیدار سمیت 2اہلکار زخمی ہوئے
چیچہ وطنی(خصوصی رپورٹ)چیچہ وطنی میں مبینہ پولیس مقابلہ،4ڈاکو ہلاک ، تھانیدار سمیت 2اہلکار زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر چیچہ وطنی کی حدود میں ایلیٹ فالکن چیچہ وطنی نے شرقی بائی پاس کے قریب 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 افرادکومشکوک جانتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزم پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے 38بارہ ایل کی جانب فرار ہو گئے ،اطلاع پر تھانہ صدر چیچہ وطنی کے ایس ایچ اونے ٹیم کے ہمراہ 38بارہ ایل پل کے قریب ناکہ بندی کر لی اور اس دوران ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی ، ساتھیوں کی فائرنگ سے ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں متعدد مقدمات میں مطلوب ڈاکو صدی احمد ہلاک ہو گیا جبکہ ساتھی فرار ہو گئے، فا ئرنگ سے کانسٹیبل ثقلین زخمی ہو گیا۔ بعدازاں فرار ملزموں کی گرفتاری کیلئے پولیس نے رات گئے بھاری نفری کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا تو نامعلوم ملزموں نے پھر فائرنگ کردی۔ اس دوران 3 نامعلوم ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ فائرنگ سے تھانہ سٹی چیچہ وطنی میں تعینات اے ایس آئی اسلم بھی زخمی ہوگیاجبکہ 2ملزم فرار ہوگئے ۔ پولیس نے زخمی دونوں اہلکاروں ہسپتال داخل کر ادیا ۔ ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپونے پولیس ٹیم کو شاباش اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔