حکومت روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی‘وزیر اعلیٰ پنجاب نے بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کئے:صوبائی وزیر
پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر کی تقریب ‘ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے سرٹیفکیٹس تقسیم کئے
لاہور(خصوصی رپورٹر)پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر کی تقریب تقسیم اسناد مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھریشافع حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔صوبائی وزیر نے تربیت حاصل کرنے والی خواتین سرمایہ کاروں اور مینٹورز میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں،خواتین کی ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے خاطر خواہ فنڈز فراہم کئے ہیں۔ خواتین کیلئے پہلا ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کر دیا گیا ہے جبکہ پنک الیکٹرک ٹیکسی سکیم لائی جارہی ہے جس میں خواتین ڈرائیور ہوں گی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں بننے والے گارمنٹ سٹی میں خواتین کیلئے سٹییچنگ کی کلاسز جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا بھی اجرا کیا گیا ہے جس میں خواتین کیلئے سفر کی بہترین اور محفوظ سہولیات موجود ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کیلئے بلاسود قرض دیا جارہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے سیالکوٹ میں 1400ایکڑ بنجر اراضی پر سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام جبکہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ خواتین سرمایہ کار پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی سکیموں سے فائدہ اٹھائیں حکومت خواتین کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔