ایرانی شہری زراعت، انرجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں چودھری شافع حسین

چوہدری شافع حسین سے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر کی الوداعی ملاقات،پنجاب اور ایران کے مابین معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت
 ایرانی قونصل جنرل نے لاہور میں اپنے عرصہ تعیناتی کے دوران پنجاب اور ایران کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کیلئے لائق تحسین کاوشیں کیں،صوبائی وزیر صنعت و تجارت 
لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے الوداعی ملاقات کی۔ پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہونے والی ملاقات میں پنجاب اور ایران کے مابین معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے دوران  لاہور میں امام خمینی ٹرسٹ ہسپتال کے قیام کے معاملے کا بھی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایرانی قونصل جنرل نے لاہور میں اپنے عرصہ تعیناتی کے دوران پنجاب اور ایران کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کیلئے لائق تحسین کاوشیں کیں،ہم ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ بدقسمتی سے ایران امریکہ کشیدگی کے باعث دوطرفہ معاشی تعاون کے فروغ میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہوسکی۔ایران اور امریکہ کے مابین کشیدگی کم ہوگی تو میں ایران کا دورہ کروں گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ ایران کے سرمایہ کار زراعت، انرجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالے سے نئی صنعتی پالیسی دی ہے۔انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹ لگائے کیلئے اب 2لاکھ روپے فی ایکڑ ماہانہ رینٹ پر اراضی حاصل کی جاسکتی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ امام خمینی ٹرسٹ ہسپتال گجرات میں قائم کرنے کا جائزہ بھی لیا جائے، ہسپتال کیلئے درکار زمین فراہم کی جائے گی صوبائی وزیر نے بتایا کہ اگلے سال ظہور الٰہی اسٹیڈیم گجرات میں 3 ملکی کبڈی ٹورنامنٹ کروایا جائے گا۔کبڈی ٹورنامنٹ میں پاکستان،کینیڈا اور ایران کی کبڑی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ایران پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے،اچھے اور برے حالات میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
 ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ ایران کے سفیر ذاتی طور پر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔ایرانی قونصل جنرل نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والے لوگوں سے برادرانہ تعلقات ہیں،نہیں چاہتے کہ ایران امریکہ کشیدگی سے پاکستان کے لوگوں کی مشکلات بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے ایران کے سرمایہ کاروں کو بھرپور آگاہی دی جائے گی۔