صوبائی وزیرصنعت و تجارت کی پاکستانی نژاد برطانیہ اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے وفود سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے پاکستانی نژاد برطانیہ اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے وفود نے اسلام آباد میں ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کو معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنادیا ہے اس لیے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیح دے رہے ہیں۔پنجاب کے صنعتی مراکز میں تیزی سے نئی انڈسٹری لگ رہی ہے، قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں بننے والے گارمنٹ سٹی میں ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چین سمیت دیگر غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔مقامی سرمایہ کار بھی گارمنٹ سٹی میں ٹیکسٹائل کے کارخانے لگا رہے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت بھی موجود ہے۔چودھری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت اور موقع موجود ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔