عمران خان سے ملاقات کیلئے تین ججوں کے حکم پر ایس ایچ او کہتا ہے میں نے آرڈر نہیں دیکھا، اگر ادارے اپنے احکامات نہیں منواتے تو پھر ہم سے گلہ نہ کریں
عمران خان سے ملاقات کیلئے وزیراعظم کو اب کال نہیں کروں گا، میری تلخی اسی وجہ سے ہے آئین و قانون کی پاس داری نہیں ہو رہی:سہیل آفریدی کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی ) پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے اڈیالہ جیل کے باہر پیش آنے والے واقعہ کو شرمناک اور ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ بانی چیئرمین کی بہنیں غیرسیاسی ہیں، ان کے ساتھ روا غیر انسانی، سلوک انتہائی شرمناک، قابلِ نفرت اور ناقابلِ معافی ہے،یہ عمل مکمل طور پر سیاسی انتقام، آئینی انحراف اور ریاستی طاقت کے ناجائز استعمال کی کھلی مثال ہے، آج خیبر پختونخوا کے ہر حلقے میں 27ویں آئینی ترمیم، وفاقی اور پنجاب حکومت کے غیر آئینی، انتقامی اور آمرانہ رویے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی غیر معمولی اجلاس خیبر پختونخوا ہائوس اسلام آباد میں ہوا۔اسپیکر بابر سلیم سواتی، صوبائی صدر جنید اکبر خان، صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان، صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور اراکین صوبائی اسمبلی نے بھرپور شرکت کی۔دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوء وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی نے کہا عمران خان سے ملاقات کیلئے وزیراعظم کو اب کال نہیں کروں گا، اگر کسی کے پاس اختیار نہیں ہے تو اس سے بات کرنے کا کیافائدہ۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر تمام راستے اپنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمارے پاس عدالتی احکامات موجود ہیں اس کے بعد کون ہے جو مجھے روک رہا ہے؟ تین ججز کے احکامات موجود ہیں یہ کہتے ہیں ہم نے آرڈر نہیں دیکھے، عدالتی احکامات اتنے بے توقیر ہو چکے کہ ایک ایس ایچ او کہہ رہا ہے میں نے دیکھا ہی نہیں؟ اداروں کو اس پر فوری ایکشن لے کر اپنے احکامات پر عمل درآمد کرانا چاہیے اگر ادارے اپنے احکامات نہیں منواتے تو پھر ہم سے گلہ ہی نہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ میری تلخی اسی وجہ سے ہے کہ آئین و قانون کی پاس داری نہیں ہو رہی، میری تلخی غیر آئینی و قانونی نہیں ہے، میں کوئی دھمکی یا ایسا لہجہ استعمال نہیں کر رہا جو قانون و آئین کے دائرے سے باہر ہو، میر احق ہے کہ اگر کوئی آئین و قانون پر عمل نہیں کر رہا تو اسے تھوڑے تلخ لہجے میں سمجھائوں یہی میں کر سکتا ہوں