27ویں آئینی ترمیم وفاق کیلئے خطرہ اور پارلیمنٹ پر حملہ ہوگی:بیرسٹر گوہر

 حکومت ایسی ترمیم نہ لائے جس سے عدلیہ مزید تقسیم ہوجائے‘آئین میں ترمیم کرنا سنجیدہ معاملہ ہے، وفاق، صوبوں پر حملہ آور ہو رہا ہے
 این ایف سی ایوارڈ کو آج تک کسی نے نہیں چھیڑا‘کچھ لوگوں کو اختیارات دینے سے وفاق خطرے میں پڑ جائے گا:قومی اسمبلی میں خطاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئر مین پاکستان تحریک انصاف  بیرسٹر گوہر نے 27ویں آئینی ترمیم کو وفاق کیلئے خطرہ اور پارلیمنٹ پر حملہ قرار دیا ہے۔قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں بیرسٹر گوہر نے کہا  آئین میں ترمیم کرنا ایک سنجیدہ معاملہ ہے، پورے ملک میں ہلچل ہے  وفاق، صوبوں پر حملہ آور ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم متفقہ طور پر منظور کی گئی، جس پر لوگوں نے خوشیاں منائیں، 26ویں ترمیم میں 4 شقوں پر ہمیں شدید اعتراض ہے‘ حکومت ایسی ترمیم نہ لائے جس سے عدلیہ مزید تقسیم ہوجائے۔ این ایف سی ایوارڈ کو آج تک کسی نے نہیں چھیڑا، آپ اب پورے وفاق کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ 18ویں آئینی ترمیم میں یقین دہانی کرائی گئی کہ این ایف سی میں حصہ گزشتہ سے کم نہیں ہوگی، کچھ لوگوں کو اختیارات دینے سے وفاق خطرے میں پڑ جائے گا۔