پی ٹی آئی کا کوئی احتجاج پر امن نہیں رہا اسحاق ڈار
حکومت نے تحریک انصاف کو ریڈ زون میں احتجاج سے روکنے کیلئے مذاکرات کئے‘ پی ٹی آئی فیک نیوز پھیلانے کی ماہر ہے ‘سفیروں کی سکیورٹی ہمیں خود سے بھی زیادہ عزیز ہے:نائب وزیر اعظم کی غیر ملکی سفیروں سے گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )نائب وزیراعظم و وزیر سینیٹر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے پی ٹی آئی کی تاریخ ہے ان کا کوئی احتجاج یا ریلی پر امن نہیں رہی لیکن قانون کے مطابق ریڈ زون میں کوئی احتجاج نہیں کیا جاسکتا۔اسلام آباد میں غیر ملکی سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 24 نومبرکو غیر ملکی وفد پاکستان کے دورے پر تھا اور ایسے موقع پر ایک جماعت نے حیران کن طور پر احتجاج کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اسی جماعت نے انتخابات میں دھاندلی کے الزام پر احتجاج کیا ‘ اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج کے لیے مقامات کا تعین کیا گیا ہے، حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو ریڈ زون میں احتجاج سے باز رکھنے کے لیے ان سے مذاکرات کیے۔ وفاق کے خلاف احتجاج کے لیے صوبائی حکومت کے وسائل استعمال کئے گئے، اس کے علاوہ احتجاج کے دوران صوبائی حکومت کا اسلحہ اور شیل بھی استعمال کیے گئے لیکن اس کے باوجود غلط بیانی کی گئی کیوں پی ٹی آئی فیک نیوز پھیلانے کی ماہر ہے۔ سفیروں کی سیکیورٹی ہمیں خود سے بھی زیادہ عزیز ہے