اسٹیبلشمنٹ،پی ٹی آئی بات چیت ناگزیر ،کل کے بجائے آج ہونی چاہیے:رئوف حسن

بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اسٹیبلشمنٹ سے بات ہوگی لیکن ہماری شرائط پر، اس بار احتجاج کی حکمت عملی مختلف ہوگی
اسلام آباد(آئی این پی) پی ٹی آئی رہنمارئوف حسن نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی میں بات چیت ناگزیر ہے، یہ بات چیت کل شروع کرنے کے بجائے آج ہونی چاہیے،بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کریں، لیکن یہ بات چیت ہماری تین شرائط پر ہی ہوگی۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رئوف حسن نے کہا کہ جب بھی ہم نے احتجاج کی کال دی پورا ملک بند کردیا جاتا ہے، پکڑ دھکڑ کی انتہا کردی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر دبائو موجود ہے، کیا وہ چیز ہے جو انہیں اتنا خوفزدہ کیے ہوئے ہے، یہ شہروں کو کنٹینرستان بنا دیتے ہیں۔رئوف حسن نے کہا کہ جس طرح سے آئینی ترامیم کی گئی ہیں یہ ان کیلئے فخر کا مقام نہیں ہے، ان کے چہروں پر بدنما داغ ہے جسے یہ کبھی مٹا نہیں سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار ہمارے احتجاج کی حکمت عملی ماضی سے مختلف ہوگی۔