مزید48 گھنٹے جنگ بندی پا ک بھارت متفق
دونوں افواج کے درمیان کوئی فائرنگ ہو گی نہ شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جائے گا ڈرونز کے ذریعے کوئی دراندازی نہیں کی جائے گی:جنگ بندی پراتفاق مذاکرات کے اگلے دور تک ہوا: اسحاق ڈار کی تصدیق
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز)کے درمیان بات چیت میں جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق ہوگیا ۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان سیز فائرکا اگلا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے رابطہ ہوا اور بات چیت کا پہلا دور مکمل ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بات چیت میں جنگ بندی جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا،دونوں افواج کے درمیان کوئی فائرنگ نہیں ہوگی، شہری آبادیوں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا، پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ڈرونز کے ذریعے کوئی دراندازی نہیں کی جائے گی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ٹی وی سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک نے سیز فائر پر اتفاق کرلیا ہے،دونوں ممالک نے سیزفائر پر مذاکرات کے اگلے رائونڈ تک اتفاق کیا ہے، پاک بھارت بات چیت کا اگلا دور 48 گھنٹوں میں ہوگا۔