ہاردک پانڈیا پر آئی پی ایل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ

ہاردک پانڈیا پر آئی پی ایل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ

ہاردک پانڈیا  کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا سنا دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی انڈینز کے کپتان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد کی گئی۔ میچ ریفری راجیو سیتھ نے ہاردک پانڈیا کو لیول ون خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا، جس کا تعلق کرکٹ آلات کے غلط استعمال سے تھا۔بتایا گیا ہے کہ آل راؤنڈر نے غصے میں کریز کی جانب واپس جاتے ہوئے بیلز کو زور سے ہٹ کیا، جو آئی پی ایل ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی شمار کی گئی۔

ہاردک پانڈیا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے دی گئی سزا قبول کر لی۔ آئی پی ایل قوانین کے مطابق لیول ون خلاف ورزی پر میچ ریفری کا فیصلہ حتمی تصور کیا جاتا ہے اور اس کے خلاف اپیل نہیں کی جا سکتی۔واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا اپنی جارحانہ قیادت اور جذباتی انداز کے لیے مشہور ہیں، تاہم اس واقعے کے بعد ان کے رویے پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔