شفالی ورما کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا،

شفالی ورما کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا،

بھارتی کرکٹ ٹیم کی اوپنر شفالی ورما کو زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا سنا دی گئی ہے۔

 ان پر میچ کے دوران کرکٹ کے سامان کے نامناسب استعمال کا الزام ثابت ہونے پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ عائد کیا گیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق شفالی ورما نے اتوار، 18 اکتوبر کو رائے پور میں کھیلے گئے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی۔ یہ شق بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ کے سامان یا گراؤنڈ کی اشیا کے نامناسب استعمال سے متعلق ہے۔آئی سی سی کے مطابق اس خلاف ورزی کے نتیجے میں بھارتی کھلاڑی کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ ان کی پہلی خلاف ورزی تھی۔

واقعہ کیسے پیش آیا؟

یہ واقعہ زمبابوے کی اننگز کے 12ویں اوور میں پیش آیا، جب بھارتی بولر سری چارانی کی گیند پر زمبابوے کی بیٹر چپو موگیری تیرپانو نے شاٹ کھیلا۔ مڈ آف پر موجود شفالی ورما کیچ پکڑنے میں ناکام رہیں اور ایک اہم موقع ضائع ہوگیا۔کیچ چھوڑنے کے بعد شفالی ورما نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے گیند زمین پر دے ماری۔ ان کے اس عمل کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

شفالی ورما نے سزا قبول کرلی

آئی سی سی کے مطابق شفالی ورما نے اپنی غلطی تسلیم کرلی اور میچ ریفری جی ایس لکشمی کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کرلی۔ بھارتی کھلاڑی کی جانب سے الزام اور سزا تسلیم کیے جانے کے باعث معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔