آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زیمپا آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث مشکلات میں آ گئے ہیں۔
یہ واقعہ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں ایڈم زیمپا نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.3 کی خلاف ورزی کی، جو کہ میچ کے دوران غیر اخلاقی الفاظ کے استعمال سے متعلق ہے۔میچ کے 37ویں اوور میں ایڈم زیمپا نے فیلڈنگ یا اوورتھرو کے دوران نازیبا زبان استعمال کی، جسے اسٹمپ مائیک کے ذریعے براہِ راست سنا گیا۔ اس کے نتیجے میں انہیں قصوروار قرار دیا گیا، سرزنش کی گئی اور ان کے ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا۔آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے مطابق، لیول ون کی خلاف ورزی پر کم سے کم جرمانہ سرزنش، زیادہ سے زیادہ کھلاڑی کی میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈیمیرٹ پوائنٹس شامل ہو سکتے ہیں۔