لنکا پریمیئر لیگ: صاحبزادہ فرحان کو دمبولا سکسرز نے آئیکون پلیئر مقرر کر لیا

لنکا پریمیئر لیگ: صاحبزادہ فرحان کو دمبولا سکسرز نے آئیکون پلیئر مقرر کر لیا

پاکستانی اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان کو لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2026 کے لیے دمبولا سکسرز نے اپنا آئیکون پلیئر مقرر کرتے ہوئے سائن کر لیا ہے۔

 فرنچائز نے اس بات کی تصدیق سوشل میڈیا پر کی اور کہا کہ کھلاڑی کی حالیہ شاندار فارم اور مستقل کارکردگی کے باعث انہیں ٹیم کا مرکزی ستون بنایا گیا ہے۔صاحبزادہ فرحان نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں سب سے زیادہ 383 رنز اسکور کیے، جس میں ان کی اوسط 76.60 اور اسٹرائیک ریٹ 160 سے زائد رہا۔ اس ایونٹ میں انہوں نے دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بھی اسکور کیں، جبکہ وہ ایک ہی ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے واحد بیٹر بن گئے۔ان کی اس شاندار فارم کے دوران انہوں نے بھارتی اسٹار ویرات کوہلی کا ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، جو ان کی کیریئر کے اہم سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر صاحبزادہ فرحان نے اب تک پاکستان کے لیے 46 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 1305 رنز اسکور کیے ہیں، جن میں دو سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ پاکستان سپر لیگ (PSL) میں بھی ان کی کارکردگی نمایاں رہی ہے، جہاں انہوں نے 44 میچز میں 1286 رنز بنائے ہیں۔لنکا پریمیئر لیگ 2026 کا آغاز 17 جولائی سے ہوگا اور یہ ٹورنامنٹ 8 اگست تک سری لنکا کے مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا، جہاں دمبولا سکسرز کی نظریں اب اپنے نئے آئیکون پلیئر کی قیادت میں مضبوط کارکردگی پر مرکوز ہوں گی۔