ویب ڈیسک: ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بیٹر صاحبزادہ فرحان کو پاکستان سپر لیگ 10 کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ نے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی فرنچائز نے صاحبزادہ فرحان کو پی ایس ایل 10 کے لیے 20 ویں کھلاڑی کی حیثیت سے منتخب کیا ہے۔ صاحبزادہ فرحان کا پی ایس ایل کا سفر 2018 میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے شروع ہوا تھا، جہاں انہوں نے ایمرجنگ کھلاڑی کے طور پر ٹیم کا حصہ بن کر یونائیٹڈ کے دوسرے پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ صاحبزادہ فرحان جیسے تجربہ کار اور فارم میں موجود کھلاڑی کسی بھی وقت ٹیم کی پلیئنگ الیون کا حصہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ہمیشہ ڈومیسٹک ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرتا ہے، اور صاحبزادہ فرحان کی شمولیت اس پالیسی کا تسلسل ہے۔دوسری جانب صاحبزادہ فرحان نے اسلام آباد یونائیٹڈ میں اپنی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک بار پھر اپنی پہلی پی ایس ایل فرنچائز کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے انہیں پی ایس ایل میں متعارف کرایا، اور وہ ہمیشہ اس کے شکر گزار رہیں گے۔یاد رہے کہ صاحبزادہ فرحان نے حال ہی میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں نیا قومی ریکارڈ بنایا تھا۔