پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کا دوسرا میچ آج دمبولا میں کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کو میزبان سری لنکا کے خلاف سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 11 جنوری کو بھی دمبولا میں ہی کھیلا جائے گا، جو مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں نے اہم مقابلے کے لیے بھرپور تیاری مکمل کر لی ہے اور شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔قومی ٹیم کے تمام ورلڈ کپ میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے، جس کے باعث یہ سیریز پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور مختلف ٹیم کمبینیشنز آزمانے کا بہترین موقع فراہم کر رہی ہے۔سیریز کا ایک اہم مقصد قومی سلیکشن کمیٹی کو ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کے انتخاب میں مدد فراہم کرنا بھی ہے، جبکہ ٹیم مینجمنٹ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج کو آزما رہی ہے تاکہ ایک متوازن اور مؤثر ٹیم تشکیل دی جا سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کے خلاف حالیہ 6 ٹی ٹونٹی میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ سیریز نہ صرف نتائج کے لحاظ سے اہم ہے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور قیمتی تجربہ حاصل کرنے کا بھی بہترین موقع ہے۔پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ نافے (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، وسیم ایوب، شاداب خان، عثمان خان (وکٹ کیپر) اور عثمان طارق شامل ہیں۔