شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
اس آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ خارجی عمر عرف جان میر، عرف ثاقب تور، کے علاوہ 4 دیگر دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، خارجی سرغنہ عمر عرف جان میر، عرف ثاقب تور کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر تھی۔ وہ فتنہ الخوارج کا سرغنہ تھا اور سیکیورٹی فورسز و شہریوں پر کئی دہشت گرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ہلاک شدہ دہشت گرد نے سپین وام میں بوبالی مسجد کے اطراف علاقے میں زیر زمین بنکر، سرنگیں اور بارودی جال بچھا رکھے تھے۔ سیکیورٹی اداروں نے مربوط حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر ہلاک کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دہشت گرد سرغنہ کی ہلاکت سے علاقے میں امن بحال ہوگا اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تقویت ملے گی۔ یہ کارروائی عزم استحکام کے تحت فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہے، جس میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔اس کامیابی سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے خلاف موثر اور مربوط کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور دہشت گردوں کی سرگرمیاں محدود کرنے میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔