خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے عزمِ استحکام وژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران 5 خوارج ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے خوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی کے بعد فیصلہ کن ایکشن لیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔صدر زرداری نے کارروائی میں 5 خوارج کی ہلاکت اور 2 کے زخمی ہونے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور پائیدار امن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔