شمالی وزیرستان میں فورسز کے آپریشنز، 16 دہشت گرد ہلاک، 2 اہلکار شہید

شمالی وزیرستان میں فورسز کے آپریشنز، 16 دہشت گرد ہلاک، 2 اہلکار شہید

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں اور جھڑپوں کے دوران 16 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ دو سیکیورٹی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے مرتبے پر فائز ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کیے گئے۔ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق علی خیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 12 خوارج ہلاک ہوئے، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو افغان شہری بھی شامل ہیں۔ اسی طرح میر علی اور دتہ خیل میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران دو، دو خوارج مارے گئے، جس کے بعد ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران دو سیکیورٹی اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہداء میں 43 سالہ حوالدار عصمت علی شامل ہیں، جن کا تعلق ضلع صوابی سے تھا، جبکہ 32 سالہ نائیک آفتاب علی ضلع مردان کے رہائشی تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں عزمِ استحکام کے تحت پوری رفتار سے جاری رکھی جائیں گی۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کی قربانیاں قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے 16 خوارج کو ہلاک کرنے پر فورسز کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔