لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر شہریوں کے مسائل کے ازالے کا عمل جاری ہے جس کے تسلسل میں رواں سال کمپلینٹ سنٹر پر موصول ہونے والی 34 ہزار سے زائد شکایات کو حل کر لیا گیا ہیانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1787 کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ڈی پی اوز خود 1787 کمپلینٹ سسٹم پر موصول ہونے والی شکایات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ان کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مختلف نوعیت کی شکایات کے حل میں نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی ہے جن میں مقدمات کے اندراج سے متعلق 17,249، سست تفتیش کی 8,270 شکایات حل کی گئیں۔اسی طرح پولیس سروسز سے متعلق 2,547 جبکہ محکمانہ و دیگر نوعیت کی 7 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔مزید برآں ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 1,781، ریکوری سے متعلق 3,071 اور ناقص تفتیش سے متعلق 1,646 شکایات کو حل کیا گیا۔جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق 865 جبکہ تبدیلی تفتیش سے متعلق 537 شکایات بھی نمٹائی گئیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں بلا جھجھک 1787 کمپلینٹ سنٹر سے رابطہ کریں۔