کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مانیٹرنگ نظام کو فعال کیا گیا : آئی جی ڈاکٹر عبدالکریم
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر شہریوں کے مسائل کے ازالے کا سلسلہ جاری ہے اور رواں سال موصول ہونے والی 53 ہزار سے زائد شکایات کو حل کر دیا گیا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو مقررہ ایس او پیز اور ٹائم لائن کے مطابق نمٹایا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم کا کہنا ہے کہ 1787 کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو فعال کیا گیا ہے جبکہ ضلعی پولیس افسران شکایات کے فوری ازالے کے لیے خود نگرانی کر رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر پر مقدمات کے اندراج سے متعلق 25 ہزار 61 اور سست تفتیش سے متعلق 12 ہزار 796 شکایات کو حل کیا گیا۔ اسی طرح پولیس سروسز سے متعلق 3 ہزار 884 جبکہ محکمانہ امور اور دیگر نوعیت کی 11 ہزار 834 شکایات کا ازالہ کیا گیاملزمان کی گرفتاری سے متعلق 2 ہزار 859، ریکوری سے متعلق 4 ہزار 524 اور ناقص تفتیش سے متعلق 2 ہزار 627 شکایات بھی نمٹائی گئیں۔ مزید برآں جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق ایک ہزار 321 اور تبدیلی تفتیش سے متعلق 897 شکایات کو بھی حل کیا گیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں بلا جھجھک آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 سے رابطہ کریں تاکہ ان کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔