زیادتی بلیک میلنگ اور خواتین کو ہراساں کرنے میں ملوث تین ملزمان گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) تھانہ وحدت کالونی پولیس نے اہم کارروائیاں کرتے ہوئے زیادتی بلیک میلنگ اور خواتین کو ہراساں کرنے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیاں ایس ایچ او وحدت کالونی انسپکٹر اختر کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے انجام دیں۔پولیس کے مطابق ملزم زین شادی کا جھانسہ دے کر ایک جواں سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، جبکہ ملزم غلام رسول بھی نکاح کا جھانسہ دے کر لڑکی سے مبینہ زیادتی کرتا رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان متاثرہ لڑکیوں کو بلیک میل کر کے رقم بھی بٹورتے رہے۔ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کے مطابق مزید کارروائی کے دوران ایک اور ملزم خالد محمود کو بھی گرفتار کیا گیا، جو اپنی 25 سالہ سوتیلی بیٹی سے ناجائز خواہشات پوری کرنے اور مبینہ زیادتی میں ملوث تھاپولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او وحدت کالونی انسپکٹر اختر اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔