مبینہ زیادتی اور بلیک میلنگ کے الزام میں 2ملزم گرفتار

 لاہور (کرائم رپورٹر) ہنجروال پولیس نے نوجوان سے مبینہ زیادتی ، تشدد اور بلیک میلنگ کے الزامات پر نامزد دو ملزمان برہان افضل اور حماد کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ ملزمان اسے بہانے سے گھر سے بلا کر نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں اسے مبینہ طور پر حبس بے جا میں رکھنے، بدفعلی اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ نوجوان نے ملزمان پر نازیبا ویڈیو بنانے اور بلیک میل کرنے کی دھمکیاں دینے کا الزام بھی عائد کیا۔پولیس نے درخواست پر تھانہ ہنجروال میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش جاری ہے، جبکہ الزامات کی حقیقت شواہد کی روشنی میں جانچی جائے گی۔ دیگر نامزد یا مبینہ طور پر ملوث افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔