مستی گیٹ پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا

لاہور(کرائم رپورٹر)مستی گیٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 15 کلو پوست اور 1135 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان اندرونِ شہر سمیت مختلف مقامات پر منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزم محسن کے قبضے سے 15 کلو پوست جبکہ ملزم قاسم کے قبضے سے 1135 گرام چرس برآمد کی گئی۔دونوں ملزمان پیدل چل پھر کر مختلف علاقوں میں منشیات فروشی کرتے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او مستی گیٹ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہر کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے پولیس پرعزم ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔