پاکستان میں ڈیجیٹل بینکاری کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے قیام کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے مطابق ہیوگو بینک کے پیڈ اپ کیپیٹل میں 1.5 ارب روپے اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے بعد بینک کے کمرشل آغاز کی تیاریوں میں تیزی آ گئی ہے۔ہیوگو بینک کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے قیام کی اصولی منظوری پہلے ہی حاصل ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق پاکستانی اور سنگاپوری سرمایہ کاروں پر مشتمل کنسورشیم یہ ڈیجیٹل بینک قائم کر رہا ہے، جبکہ اسپانسرز کی جانب سے 60 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی جائے گی۔ہیوگو بینک موبائل اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے برانچ لیس بینکاری کی سہولیات فراہم کرے گا، جس سے صارفین کو تیز، آسان اور کم لاگت مالیاتی خدمات تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔