انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر ایشیا 2026 (ITIF Asia 2026) کراچی میں پاک چین صنعتی تعاون اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا ہے۔
یہ نمائش ایس آئی ایف سی اور ای کامرس گیٹ وے کے اشتراک سے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد کی گئی، جہاں 23ویں بین الاقوامی تجارتی و صنعتی نمائش کا باقاعدہ افتتاح گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کیا۔افتتاحی تقریب میں چین سمیت مختلف ممالک کی معروف صنعتی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور تجارتی وفود نے بھرپور شرکت کی۔ نمائش کے پہلے روز ہی چینی صنعتی گروپ آئی بی آئی اور پاکستانی تجارتی و صنعتی اداروں کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے، جن کا مقصد صنعتی تعاون اور مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔نمائش میں انجینئرنگ، مشین ٹولز، معدنیات، آئل اینڈ گیس، اور پلاسٹک انڈسٹری سے متعلق جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعات کی خصوصی نمائش جاری ہے۔ مختلف اسٹالز پر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور صنعتی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور تجارتی مواقع کا جائزہ لیا۔
بین الاقوامی وفود اور ماہرینِ صنعت نے اس ایونٹ کو پاکستان میں صنعتی ترقی اور عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کی نمائشیں نہ صرف کاروباری روابط کو مضبوط کرتی ہیں بلکہ نئی ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون کے دروازے بھی کھولتی ہیں۔ماہرین کے مطابق ITIF Asia 2026 مشترکہ صنعتی منصوبوں، عالمی کاروباری نیٹ ورکنگ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے، جو پاکستان کی معیشت کے لیے مثبت اثرات کا باعث بن سکتا ہے۔