محمد اورنگزیب کی امریکا میں اہم ملاقاتیں, سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون پر پیش رفت

محمد اورنگزیب کی امریکا میں اہم ملاقاتیں, سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون پر پیش رفت

ویب ڈیسک: وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے دورۂ امریکا کے دوران متعدد اہم ملاقاتیں کیں، جن میں سرمایہ کاری، تجارتی تعلقات اور معاشی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے امریکی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (DFC) کے سی ای او بینجمن بلیک سے ملاقات کی، جس میں امریکا کے ساتھ سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان میں تیل و گیس، معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور دواسازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے ڈی ایف سی کی جانب سے نجی شعبے کی قیادت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا۔وزیر خزانہ نے بعد ازاں باروارز فورم راؤنڈ ٹیبل میں شرکت کی، جہاں انہوں نے قرضوں کی ادائیگی اور سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری کے درمیان توازن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر قرض نظم و نسق، تکنیکی استعداد اور پائیدار مالی وسائل تک رسائی موسمیاتی استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

مزید برآں، محمد اورنگزیب نے آذربائیجان کے نائب اول وزیر خزانہ انار کریموف سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے معاشی و تزویراتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ نے آذربائیجان کو COP29 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور پاکستان۔آذربائیجان ترجیحی تجارتی معاہدے (جنوری 2025) اور ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے (دسمبر 2024) کو دو طرفہ تجارت کے فروغ میں اہم سنگ میل قرار دیا۔ان معاہدوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو روایتی اشیاء (تیل، چاول) سے آگے بڑھا کر ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، کیمیکل، مشینری اور زرعی مصنوعات تک وسعت دینے کا اتفاق کیا گیا۔