پنجاب اور آذربائیجان کے مابین اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعلی مریم نواز کی آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد مائیکل جباروف سے  ملاقات‘اہم امور پرگفتگو
 اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کی سہولت کاری کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ
لاہور(آئی این پی )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد مائیکل جباروف سے  ملاقات کی ہے، جس میں پنجاب اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے روابط اور ادارہ جاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے تعاون کو منظم اقتصادی روابط، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، شہری ترقی، زراعت، لاجسٹکس، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں تک وسعت دینے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کی سہولت کاری کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا باضابطہ فیصلہ بھی کیا گیا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کو مشترکہ ورکنگ گروپ کی سربراہی سونپی گئی ہے۔جاری اعلامیے کے مطابق ورکنگ گروپ میں دونوں ممالک کے متعلقہ سرکاری محکمے اور تکنیکی ماہرین شامل ہوں گے، جو تعاون اور مشترکہ منصوبوں  کیلئے  ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کریں گے، ورکنگ گروپ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ  کے مواقع کو منظم کرنے کے ساتھ سرمایہ کاروں کی باہمی ہم آہنگی اور منصوبوں کی ترقی میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔