ویتنام کی پاکستانی چاول، ٹیکسٹائل مصنوعات اور چمڑے کے سامان میں گہری دلچسپی
ہنوئی (آئی این پی )پاکستان اور ویتنام کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق طے پاگیا۔دونوں ملکوں کے وزرائے تجارت کے درمیان اعلیٰ سطح کی ملاقات ہنوئی میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے ویتنامی ہم منصب سے دو طرفہ تجارتی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی، جس میں مختلف شعبہ جات میں تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران فریقین نے ٹیکسٹائل، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور دواسازی کے شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ ترجیحی تجارتی معاہدے کی جانب پیش رفت پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ تجارتی رکاوٹوں کو کم کر کے باہمی درآمدات و برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔ویتنام نے پاکستانی چاول، ٹیکسٹائل مصنوعات اور چمڑے کے سامان میں گہری دلچسپی ظاہر کی جب کہ پاکستان نے ویتنام کو وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی منڈیوں تک رسائی کی پیشکش کی۔