وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہا ہے کہ بزدل دشمن نے معصوم سکول بچوں پر حملہ کیا ہے کیونکہ وہ روایتی جنگ میں شکست کھا چکا ہے اور اس میں جرات نہیں کہ وہ کھلے میدان میں مقابلہ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی کوشش ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کی مدد سے دہشتگردی کو بڑھایا جائے۔پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بھارت نے بچوں پر حملہ کر کے جنگ کے اصول بھی پامال کر دیے ہیں، اور پاکستان جنگ کی طرح دہشتگردی میں بھی بھارت کو شکست دے گا۔پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی شازیہ مری نے اسکول بس پر حملے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر ایک آواز بننی ہوگی، کیونکہ خاموشی دشمن کے مقاصد کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے معصوم بچوں کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور عزم ظاہر کیا کہ دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ امن قائم رکھا جا سکے۔یہ تمام بیانات قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران دئیے گئے، جہاں خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی مذمت کی گئی اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ زخمی بچوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔