وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی ایک خاتون رہنما نے پاکستان کے خلاف میڈیا پر عمران خان سے متعلق گھٹیا مہم چلائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، بشمول خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، نے سیاسی عمل کو پس پشت ڈال کر غیر قانونی مطالبات کی طرف توجہ دی ہے۔عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ رہنما کرپشن کے مقدمے میں سزا کاٹ رہے بانی سے سیاسی رہنمائی لینے پر بضد ہیں، جو کہ قوانین کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن، ترقی اور عوامی ریلیف کی بجائے، تحریکِ انصاف کی قیادت غیر قانونی بیانیے کے گرد سیاست کرتی رہی ہے۔
وزیر نے یہ بھی الزام لگایا کہ تحریکِ انصاف کی ایک خاتون سیاستدان نے منفی حکمت عملی اپناتے ہوئے افغانستان سے چلنے والے پاکستان دشمن اکاؤنٹس اور بھارتی میڈیا پر عمران خان کے حوالے سے گھٹیا مہم چلائی، جس کا مقصد پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ عمل پاکستان کی دشمنی ہے اور ملک کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے تحریکِ انصاف سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک دشمن بیانیوں اور غلط ترجیحات ترک کرے اور ملک و قوم کے مفادات کو مقدم رکھے۔