اسلام آباد:وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا 3 روزہ دورۂ چین کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے، جس میں پاکستان اور چین نے عالمی و علاقائی امن و ترقی کے لیے مشترکہ ویژن کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے 19 سے 21 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کیا۔ اس دوران ان کی چینی قیادت اور اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی تعاون، علاقائی صورتحال اور عالمی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں ممالک نے اپنی آہنی دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا، اور کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور خیرسگالی پر مبنی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ کے اس دورے نے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فریقین نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔دورے کے دوران عالمی اور علاقائی امور پر قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ ترقی، امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔