مسلم لیگ (ن) کا پارلیمانی اجلاس، بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

مسلم لیگ (ن) کا پارلیمانی اجلاس، بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

لاہور (ویب ڈیسک):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ملکی سلامتی، بھارتی جارحیت، افواجِ پاکستان کی کامیابیوں اور سیاسی قیادت کے کردار پر تفصیلی غور کیا گیا۔

 اجلاس کے دوران متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں کئی اہم نکات شامل تھے۔

 بھارتی جارحیت کی شدید مذمت
اجلاس نے بھارت کی پاکستان کے خلاف بلاجواز اور جارحانہ جنگ مسلط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
قرارداد میں کہا گیا:"بھارتی حملوں میں معصوم بچوں، خواتین، عام شہریوں اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا، جو ناقابلِ معافی جرم ہے۔"
 شہدائے وطن، غازیوں اور اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین
پارلیمانی پارٹی نے وطنِ عزیز پر قربان ہونے والے تمام شہداء کو عقیدت کے پھول پیش کیے اور ان کے اہلِ خانہ کے صبر و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
غازیوں اور زخمی ہونے والے جوانوں کو سلام پیش کیا گیا۔

 آپریشن بنیان مرصوص – افواج پاکستان کی عظیم کامیابی
اجلاس نے 6، 7 اور 10 مئی کو کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کی بہادری کو سراہا۔
اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا،
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر،
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو،
اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سمیت تمام افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس نے کہا:"یہ عسکری قیادت اور اداروں کی مہارت اور جذبۂ قربانی ہی ہے جس نے پاکستان اور اس کے 24 کروڑ عوام کو سربلند کر دیا۔"
 نواز شریف کی رہنمائی اور تجربہ
اجلاس نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو سراہتے ہوئے کہا:"انہوں نے اس نازک اور فیصلہ کن مرحلے پر وفاقی حکومت کی رہنمائی کی اور اپنے تجربے سے دفاعِ وطن اور قومی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔"
 وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو زبردست خراج
اجلاس نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا:"انہوں نے ملک کو دیوالیہ پن سے بچایا،معاشی و سیاسی استحکام لایا،اور بھارتی جنگی جنون کے مقابل دفاع وطن کی ذمہ داریاں شاندار انداز میں نبھائیں۔"اجلاس نے اس بات کو سراہا کہ انہوں نے سیاسی و عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی پیدا کی اور قوم کو یکجا کر کے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

 جنرل سید عاصم منیر کے لیے فیلڈ مارشل اعزاز کا خیرمقدم
پارلیمانی پارٹی نے جنرل عاصم منیر کی بے مثال عسکری قیادت، دشمن کو شکست دینے کی جرات اور اعلیٰ حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا:"انہیں فیلڈ مارشل کا اعلیٰ عسکری اعزاز دینا افواجِ پاکستان کی اجتماعی بہادری کا اعتراف ہے۔"
 مریم نواز کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا گیا
اجلاس نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بروقت اور دانشمندانہ فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا:"انہوں نے عوامی حوصلہ بلند رکھا،فوج کی حمایت میں عوامی یکجہتی کو مضبوط کیا،پولیس، رینجرز، ضلعی انتظامیہ، اسپتالوں اور دیگر اداروں کو ہنگامی صورتحال کے لیے مستعد اور متحرک رکھا۔"اجلاس نے بھارتی جارحیت سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی اقدامات پر بھی ان کی قیادت کو سلام پیش کیا۔

 قوم، سیاسی جماعتیں، اور میڈیا کو خراج تحسین
اجلاس نے کہا کہ پاکستانی عوام نے آزمائش کی اس گھڑی میں یکجہتی اور قربانی کی مثال قائم کی۔تمام سیاسی جماعتوں نے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ملکی مفاد میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔میڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا:"پاکستانی میڈیا نے بھارتی جھوٹ کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا اور خود بھارت کے عوام سے بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرایا۔"
 خضدار حملے کی شدید مذمت
اجلاس نے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی،اور شہداء کے درجات کی بلندی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر و ہمدردی کا اظہار کیا۔

 نتیجہ:
مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی خودمختاری، سالمیت اور دفاعِ وطن کے لیے سیاسی، عسکری اور عوامی اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، اور بھارت کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔