قومی اسمبلی نے جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان میں یہ قرارداد پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان جعفر ایکسپریس واقعے اور دیگر دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ساتھ ہی اس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ ایسے نظریات جو قومی سلامتی کے متصادم ہیں، انہیں پھیلنے کی اجازت نہ دی جائے اور ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ ایوان حادثے میں جاں بحق ہونے والے معصوم شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتا ہے۔ ایوان نے تمام اقسام کی انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف عوام کو منظم ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔اس قرارداد میں نیشنل ایکشن پلان پر فوری طور پر عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا گیا، خاص طور پر بلوچستان کے حالیہ دہشت گردانہ واقعات کے بعد۔ قرارداد پر بلاول بھٹو زرداری، اسد قیصر، راجہ پرویز اشرف، زرتاج گل، طارق فضل چوہدری اور فاروق ستار سمیت دیگر ارکان نے دستخط کیے۔