سینیٹ میں اسرائیل کے ایران پر حملے کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور

سینیٹ میں اسرائیل کے ایران پر حملے کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور

اسلام آباد:سینیٹ آف پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملے کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کر لی ہے۔

یہ قرارداد نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے پیش کی گئی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ اقدام نہ صرف جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے بلکہ اس سے پورے مشرق وسطیٰ کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل غزہ میں معصوم بچوں کا قتل عام کر رہا ہے، جو عالمی ضمیر کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے۔ ایوان بالا نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فوری طور پر اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اپنائے اور اقوام متحدہ اس کی جارحیت کا نوٹس لے۔

اس موقع پر سینیٹرز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ اراکین کا کہنا تھا کہ علاقائی تنازع کو ہوا دینے والے عناصر دراصل مسلم امہ کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ایوان نے ایک مرتبہ پھر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطین اور ایران پر مظالم بند کرائے جائیں اور اسرائیل کو جوابدہ بنایا جائے۔