یوم استحصال کشمیر: قومی اسمبلی نے مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی

یوم استحصال کشمیر: قومی اسمبلی نے مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

وزیر امور کشمیر امیر مقام نے قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ بھارتی اقدامات جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ ایوان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور انہیں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔

ایوان نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی بیانات کی بھی مذمت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور مبصرین کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دی جائے تاکہ بھارتی مظالم کا مشاہدہ کیا جا سکے۔